کاویری آبی تنازع: کمیٹی کی تمل ناڈو کو 15 دن تک روزانہ 3,500 کیوسک پانی چھوڑنے کی سفارش، کرناٹک کا اعتراض

تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بنگلورو/نئی دہلی، 28 جولائی: دریائے کاویری کے پانی کی تقسیم کو لے کر کرناٹک اور تمل ناڈو کے درمیان ایک بار پھر تنازع شدت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ کاویری واٹر ریگولیشن کمیٹی (سی ڈبلیو آر سی) نے سفارش کی ہے کہ تمل ناڈو کے لیے آئندہ 15 دن تک روزانہ 3,500 کیوسک پانی چھوڑا جائے۔ اس مدت کے دوران تقریباً 4 ٹی ایم سی پانی فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نئی دہلی میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ کمیٹی کے اجلاس میں کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ اور پڈوچیری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مختلف ریاستوں میں پانی کی دستیابی اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے یہ سفارش جاری کی۔