امتحانات میں نقل اور پیپر لیک کے خلاف قانون مزید سخت، ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش

تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 جولائی: مرکزی حکومت نے امتحانات میں پیپر لیک، نقل اور دیگر بے ضابطگیوں پر مؤثر روک لگانے کے لیے منگل کوپبلک امتحانات میں غلط طور طریقوں کی روک تھام ترمیمی بل 2026 لوک سبھا میں پیش کر دیا۔ وزیراعظم کے دفتر میں وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد 2024 میں نافذ کیے گئے قانون کو مزید مؤثر اور سخت بنانا ہے تاکہ طلبہ اور نوجوانوں کے مستقبل کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پیپر لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں کے واقعات کسی ایک ریاست یا حکومت تک محدود نہیں رہے۔ انہوں نے ریلوے بھرتی بورڈ، آل انڈیا انجینئرنگ انٹری امتحان، ایمس، تمل ناڈو پبلک سروس کمیشن، اتر پردیش بی ایڈ داخلہ امتحان اور مغربی بنگال مشترکہ داخلہ امتحان سمیت متعدد واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہی تجربات کی بنیاد پر 2024 میں جامع قانون بنایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ قانون یو پی ایس سی، ایس ایس سی، ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ، آئی بی پی ایس اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) جیسے اداروں کے امتحانات پر نافذ ہے۔