بچوں کے حقوق اور سرپرستی سے متعلق کولکاتا ہائی کورٹ کی اہم بیداری نشست

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، یکم اگست (ملا جسیم الدین) کولکاتا ہائی کورٹ کی میڈی ایشن اینڈ کنسیلی ایشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام ہفتہ کی سہ پہر “بچوں سے ملاقات کے حقوق، سرپرستی کے رہنما اصول اور پیرنٹنگ پلان” کے موضوع پر میڈی ایٹروں کے لیے ایک تعارفی و تربیتی نشست منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں سو سے زائد تربیت یافتہ میڈی ایٹروں نے شرکت کی۔ اس نشست کے انعقاد میں آیوشمان انیشی ایٹو فار چائلڈ رائٹس نے تعاون کیا۔
یہ پروگرام کولکاتا ہائی کورٹ کے دیش بندھو چترنجن داس میموریل آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ استقبالیہ کلمات میڈی ایشن اینڈ کنسیلی ایشن کمیٹی کے رکن سکریٹری سدھیپ بنرجی نے پیش کیے۔
اس موقع پر کولکاتا ہائی کورٹ کی سابق جج جسٹس مدھومتی مترا، سابق جج جسٹس توفیق الدین سمیت متعدد ممتاز شخصیات موجود تھیں۔
کولکاتا ہائی کورٹ کی میڈی ایشن اینڈ کنسیلی ایشن کمیٹی کے قائم مقام افسر ڈاکٹر شبھاشیس موہوری نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے نمٹانے کے لیے تربیت یافتہ میڈی ایٹروں کو بچوں کے حقوق، سرپرستی اور متعلقہ قانونی پہلوؤں سے واقف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی مقصد کے تحت اس خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں میڈی ایشن کمیٹی کے عملے کے ارکان محمد نوشاد، اکبر علی، سمن داس، سپریہ بنک، سائن چٹرجی اور کوشک کولی سمیت دیگر افراد نے سرگرم کردار ادا کیا۔