آسام میں سیلاب سے اب بھی پانچ اضلاع کے ایک لاکھ 92 ہزار 799 افراد متاثر، مزید دو لاشیں برآمد

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی، یکم اگست: آسام میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات اب بھی نمایاں ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان ریاست کے شیوساگر اور چرائی دیو اضلاع میں ہوا ہے، جہاں کئی دیہات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ سب سے افسوس ناک صورتحال شیوساگر ضلع کے نیپالی کھونٹی گاؤں کی ہے، جہاں سو سے زائد خاندان آباد تھے، مگر اب تقریباً پورا گاؤں سیلاب کی نذر ہو چکا ہے۔
سیلاب سے بچ جانے والے افراد امدادی کیمپوں اور نسبتاً بلند مقامات پر خیموں میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور دوبارہ زندگی شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ گاؤں دودھ کی پیداوار کے لیے مشہور تھا، تاہم اب یہاں ایک بھی مویشی باقی نہیں بچا۔ دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں بھی مکمل طور پر وہاں تک نہیں پہنچ سکی ہیں۔ گاؤں میں کتنے افراد محفوظ رہے اور کتنے جان کی بازی ہار گئے، اس کی سرکاری تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔