یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل ٹیکنالوجی دینے سے ٹرمپ کا انکار

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، یکم اگست : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ نے یوکرین کو جدید پیٹریاٹ میزائل ٹیکنالوجی منتقل کرنے یا اس کی تیاری کا لائسنس دینے کے حوالے سے کوئی حتمی منظوری نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی حساس دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی ’شاید کبھی نہ ہو‘۔ترک سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق، ریاست میری لینڈ میں واقع کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ آیا یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو پیٹریاٹ میزائل بنانے کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے مزید شرائط پوری کرنا ہوں گی۔اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا، ’یہ ہتھیار انتہائی جدید ہیں، اس لیے ہمیں بہت محتاط رہنا ہوگا کہ انہیں کوئی دوسرا تیار نہ کرے۔ ہم نے ابھی تک اس کی منظوری نہیں دی ہے۔ اس موضوع پر بات چیت جاری ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ایسی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی، اور میرا خیال ہے کہ نہ ہی ایسا کبھی ہوگا۔‘
یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں صدر زیلنسکی نے واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد ایک انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹرمپ یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل نظام کی تیاری کا لائسنس دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔