ویزا قوانین کی خلاف ورزی کے معاملہ پر دہلی میں چھ بنگلہ دیشی شہری گرفتار

تاثیر 02 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 2 اگست : غیر ملکی شہریوں کی جانب سے ویزا کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک بڑی کاروائی کے تحت سنٹرل ڈسٹرکٹ اسپیشل اسٹاف کے فارنرز سیل نے آپریشن ‘وسٹا 1.0’ (ویزا اسٹیٹس ویریفکیشن) کے دوران چھ بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ سبھی ڈبل انٹری ویزا پر ہندوستان آئے تھے لیکن ہر دورے کے لیے مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ 15 دن کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی وہ بغیر اجازت کے ہندوستان میں مقیم تھے۔ اس کے بعد ایف آر آر او کے ذریعے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت شفیع امام نفیس صدیق (31)، یحی احتشام (31)، آصف ملا (21)، محمد بلبل حسین (20)، حسن شیخ (24) اور ایک 21 سالہ خاتون کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں سے دو کا تعلق سلہٹ، دو کا گوپال گنج اور دو کا تعلق سراج گنج (بنگلہ دیش) سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس، سنٹرل ڈسٹرکٹ، روہت راجبیر سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ ضلع کے فارنر سیل نے غیر ملکی شہریوں کی رہائش کے لیے ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤس اور دیگر مقامات پر خصوصی تصدیق مہم چلائی۔ اس دوران، چھ بنگلہ دیشی شہری نبی کریم کے ایک ہوٹل میں ٹھہرے پائے گئے۔ ٹیم نے ان کے پاسپورٹ، ویزا اور امیگریشن ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور پتہ چلا کہ ان سب کے پاس درست ہندوستانی ڈبل انٹری ویزا ہے، لیکن ویزا کی شرائط ہر بار ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ 15 دن رہنے کی اجازت دیتی ہیں۔ سبھی اس مقررہ مدت کے بعد بھی ہندوستان میں رہے۔