تاثیر 03 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 3 اگست: جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار نے پیر کے روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے رسمی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم کو جھارکھنڈ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور ریاست کی ترقی، بہتر حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار نے وزیر اعظم نریندر مودی سے رسمی ملاقات کی۔
دوسری جانب گورنر سنتوش گنگوار نے بھی ایکس پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے جھارکھنڈ کی موجودہ صورتحال سے انہیں آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کی ہمہ جہت ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر مفصل اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا۔

