تاثیر 04 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سوپول (محمد ابوالمحاسن ) تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات، معیاری تدریس کے فروغ اور طلبہ کی ہمہ جہت رہنمائی کے اعتراف میں آل انڈیا پرائیویٹ کوچنگ ایسوسی ایشن (AIPCA) نے جامعہ سینٹرل اسکول، گدی راگھوپور کےڈائریکٹر جناب نواب علی کو اعزاز سے نوازا اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے ماہرینِ تعلیم،سیاسی وسماجی ذمہ داران موجود تھے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواب علی نے دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ، طلبہ میں تعلیمی شعور بیدار کرنے اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی مسلسل محنت، دیانت داری اور تعلیمی وژن کی بدولت جامعہ سینٹرل اسکول، گدی راگھوپور نے علاقے میں ایک بااعتماد اور ممتاز تعلیمی ادارے کی حیثیت حاصل کی ہے اس موقع پر نواب علی نے آل انڈیا پرائیویٹ کوچنگ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نئی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی طلبہ کو معیاری تعلیم، بہترین تربیت اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے پوری لگن اور خلوص کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار معیاری تعلیم پر ہوتا ہے، اور ان کا ادارہ تعلیمی میدان میں نئی نسل کی رہنمائی، اخلاقی تربیت اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گا اعزاز کی خبر پر جامعہ سینٹرل اسکول کے اساتذہ، طلبہ، والدین، سماجی کارکنوں اور اہلِ علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات نے نواب علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعزاز کو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ گدی راگھوپور اور ضلع سپول کے لیے بھی ایک اعزاز قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی تعلیم کے فروغ کے لیے اسی جذبے کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

