تاثیر 04 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
وارانسی، 4 اگست : اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے رائے نے دعوی کیا ہے کہ 8 اگست کو پریاگ راج کے کے پی گراؤنڈ میں منعقد ہونے والا ’’چھاتروں کی گونج‘‘سمیلن تاریخی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر سے لاکھوں طلبا ، مسابقتی امتحان کے خواہشمند، محققین اور بے روزگار نوجوان اس تقریب میں شرکت کریں گے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ان سے براہ راست بات چیت کریں گے۔
اجے رائے نے پیر کو لہورابیر میں واقع اپنے رہائشی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں چلائی جا رہی ’چھاتروں کی گونج‘‘ مہم آج طلبہ اور نوجوانوں کے حقوق کے لیے لڑنے والی ایک مضبوط قومی تحریک بن گئی ہے۔
اجے رائے نے وضاحت کی کہ یہ مہم راجستھان کے کوٹا سے شروع ہوئی تھی، جہاں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا کے مسائل، پیپر لیک ہونے، بے روزگاری اور تعلیمی نظام سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے بعد دہرادون میں منعقدہ پروگرام کو بھی نوجوانوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مہم کا سب سے بڑا مرحلہ اب 8 اگست کو پریاگ راج میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ریاست کے تمام اضلاع کے طلبا اور نوجوان راہل گاندھی کے سامنے اپنے مسائل، جدوجہد، تجاویز اور مستقبل کے بارے میں سوالات براہ راست پیش کریں گے۔ ان کے بقول، یہ نہ صرف عوامی جلسہ ہوگا، بلکہ تعلیم، روزگار، بھرتی کے شفاف نظام اور نوجوانوں کے احترام کی لڑائی کا ایک جمہوری پلیٹ فارم ہوگا۔

