یوپی اسمبلی کا مانسون اجلاس : ریاستی حکومت نے 59ہزار کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ پیش کیا، مرکز سے 11ہزار کروڑ روپے کا تعاون

تاثیر 04 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ،4 اگست: اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوسرے دن منگل کو وزیر خزانہ سریش کھنہ نے وقفہ صفر کے دوران اپوزیشن اراکین کے زبردست ہنگامہ کے درمیان مالی سال 2026-27 کا ضمنی بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے 59,019.54 کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ مانگ (اضافی بجٹ) پیش کیا۔ اس بجٹ میں مرکزی حکومت کی جانب سے 11,240.97 کروڑروپے کی مدد کا حصہ شامل ہوگا۔
اس دوران اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا بار بار اپوزیشن ارکان کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے اور بحث میں حصہ لینے کی اپیل کرتے رہے لیکن اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی جاری رکھی ۔ اس دوران جب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بولنے کے لیے کھڑے ہوئے تو اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی مزید تیز کردی۔ اپوزیشن ارکان شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نہ تو ایوان کے وقار کا خیال رکھتی ہے اور نہ ہی آئینی اقدار کی پاسداری کر رہی ہے۔