دہلی-این سی آر میں بارش کے بعد گرمی سے ملی راحت ، کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر

تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 05 اگست: دہلی-این سی آر میں بدھ کی صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے لوگوں کو حبس زدہ گرمی سے راحت پہنچائی، تاہم کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک شدید متاثر ہوا اور لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مہرولی-بدرپور روڈ، دکشن پوری سمیت متعدد علاقوں کی سڑکوں پر پانی بھر گیا۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی کے جنوب مغربی، مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور درمیانی سے شدید بارش کے امکان کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
بدھ کے روز دارالحکومت کے کراول نگر، دلشاد گارڈن، سیماپوری، بدھا جینتی پارک، دہلی کینٹ، انڈیا گیٹ، صفدر جنگ، لودھی روڈ، نہرو اسٹیڈیم، آر کے پورم، ڈیفنس کالونی، لاجپت نگر، حوض خاص، مالویہ نگر، کالکاجی اور تغلق آباد سمیت کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 8:30 بجے سے 11:30 بجے کے درمیان سب سے زیادہ 49.3 ملی میٹر بارش آیانگر میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ چھترپور میں 24 ملی میٹر، صفدر جنگ میں 15.4 ملی میٹر، پالم میں 8.3 ملی میٹر، لودھی روڈ میں 3.9 ملی میٹر اور رج علاقے میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔