یوپی میں 2017 سے پہلے بھائی بھتیجوں میں الجھی حکومت کے پاس عوام کیلئے وقت نہیں تھا: یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر 07 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 7 اگست: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے قومی ہینڈلوم ڈے 2026 کے موقع پر جمعہ کو یہاں لوک بھون میں ہینڈلوم مصنوعات کی نمائش کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بُنکروں کو سنت کبیر ریاستی سطح کے ہینڈلوم ایوارڈ سے نوازا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ہینڈلوم و پاورلوم صنعت ترقیاتی اسکیم اور جھلکاری بائی کوری ہینڈلوم و پاورلوم ترقیاتی اسکیم کے مستحقین میں مالی امداد کے چیک بھی تقسیم کیے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اترپردیش میں ہینڈلوم سب سے بڑی گھریلو صنعت ہے۔ ان تمام ایم ایس ایم ای مصنوعات کے رجسٹریشن کے ساتھ 5 لاکھ روپے کا حفاظتی بیمہ کور بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اگر کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو متاثرہ شخص کو 5 لاکھ روپے کی رقم ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت 2017 سے پہلے بھی ہونی چاہیے تھی، لیکن ’’بھائی بھتیجوں میں الجھی اس وقت کی حکومتوں کے پاس فرصت کہاں تھی۔‘‘
یوگی نے کہا کہ جن اسکولوں میں غریبوں کے بچے پڑھتے تھے ان بنیادی تعلیم کے محکمے کے اسکولوں کی حالت انتہائی خراب تھی۔ نہ اساتذہ تھے اور نہ مناسب عمارتیں۔ بیت الخلا اور پینے کے پانی کی سہولت بھی موجود نہیں تھی۔ آج لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ بیت الخلا اور پینے کے پانی کا انتظام ہے۔ بچوں کو اسکول یونیفارم، جوتے، موزے، بستے، کاپیاں اور کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں۔