تاثیر 07 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نیویارک، 7 اگست: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 300 دنوں کے دوران کم از کم 300 بچے ہلاک ہوچکے ہیں، یعنی اوسطاً روزانہ ایک بچے کی جان گئی۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس عرصے میں سیکڑوں بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔یونیسیف نے کہا کہ غزہ میں شہریوں کو مسلسل شدید فوجی حملوں کا سامنا ہے، جن میں گولہ باری، فائرنگ اور بحری حملے بھی شامل ہیں۔ بچوں کی صورتحال خاص طور پر تشویشناک ہے، جہاں انہیں محفوظ رہائش، صاف پانی اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔
دریں اثنا اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (اوچا) نے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ اوچا کے مطابق ان واقعات کے نتیجے میں فلسطینیوں کے گھروں، املاک اور ذریعہ معاش کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق الخلیل کے علاقے مسافر یطہ میں اسرائیلی آبادکاروں نے رات کے وقت فلسطینی کمیونٹی الطوبا میں کئی گھروں کو آگ لگا دی۔ اس واقعے کے نتیجے میں 14 بچوں سمیت تین خاندان بے گھر ہوگئے، جنہیں بعد میں اپنے رشتہ داروں یا پڑوسیوں کے یہاں پناہ لینا پڑی۔

