تاثیر 08 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 08 اگست: ضلع رامبن کی تحصیل کھڑی کے اکھڑان علاقے میں ہفتہ کی صبح اچانک آگ بھڑکنے سے دو رہائشی مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے، جس کے نتیجے میں دونوں خاندانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔مقامی ذرائع کے مطابق آگ فرید احمد قاضی ولد غلام قاضی گجر اور شبیر احمد گجر ولد نور محمد گجر کے مکانات میں لگی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم اکھڑان علاقہ مرکزی سڑک سے دور ہونے کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر پہنچنے میں دشواری پیش آئی۔ پانی کی قلت نے بھی امدادی کارروائیوں کو متاثر کیا، کیونکہ علاقے میں پانی کی سپلائی لائن پہلے ہی منقطع تھی۔مقامی لوگوں کے مطابق تحصیل کھڑی میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اسٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ گزشتہ دو دہائیوں سے کیا جا رہا ہے، تاہم ابھی تک اس مطالبے پر عمل نہیں ہوا ہے۔

