تاثیر 11 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 11/ اگست (محمد نعیم) کلکتہ ہائی کورٹ نے کولکاتا اور ہوڑہ میں نجی عمارتوں سے بغیر الحاق و منظوری کے چلنے والے نجی اسکولوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے جامع جانچ کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کمشنر آف اسکول ایجوکیشن (سی ایس ای) کو ہدایت دی ہے کہ دونوں شہروں میں ایسے اسکولوں کی نشاندہی کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، جو ضلعی اسکول انسپکٹر سے این او سی حاصل کرنے کے باوجود باقاعدہ الحاق اور منظوری کے بغیر تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
یہ حکم جسٹس امریتا سنہا نے ہوڑہ کے توحید انٹرنیشنل اسکول اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے دائر عرضی کی سماعت کے دوران دیا۔ مذکورہ ادارے کو مبینہ طور پر اسکول کے احاطے میں غیر محفوظ حالات کے باعث انتظامیہ نے بند کر دیا تھا۔
عدالت نے سی ایس ای کو ہدایت دی کہ کولکاتا اور ہوڑہ میں اس نوعیت کے تمام نجی اسکولوں کی تفصیلات جمع کی جائیں اور رپورٹ مقدمے سے وابستہ تمام فریقین میں 10 ستمبر تک تقسیم کی جائے۔ معاملے کی اگلی سماعت 14 ستمبر کو ہوگی۔
عدالت نے ریاستی حکام کو فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ، مغربی بنگال کے ڈپٹی سکریٹری کی تصدیق شدہ رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت دی، جس میں یہ واضح کیا جائے کہ سرکاری مراسلات کی نقول نجی فریقین تک کس طرح پہنچیں۔ ڈپٹی سکریٹری سے یہ وضاحت بھی طلب کی گئی ہے کہ محکمہ کی فائل میں درج سرکاری نوٹنگ ایک ایسے درخواست گزار تک کیسے پہنچی، جس نے مقدمے میں فریق بنائے جانے کی درخواست کی تھی۔
اسکول انتظامیہ نے عدالت میں اپنے احاطے کو بند کیے جانے کو چیلنج کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں جونیئر کلاسوں سے آٹھویں جماعت تک تقریباً 381 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ عرضی گزاروں کے مطابق 3 جون کو بعض افراد، جنہوں نے خود کو ہوڑہ کے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر سے وابستہ بتایا، اسکول پہنچے اور مبینہ طور پر زبردستی تالہ لگا دیا۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں اسکول بند کیے جانے کی مناسب اطلاع یا وجہ نہیں بتائی گئی، جس کے نتیجے میں طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی اور بعد ازاں ان کے لیے آن لائن کلاسوں کا انتظام کرنا پڑا۔
دوسری جانب ہوڑہ کے ضلعی اسکول انسپکٹر (سیکنڈری ایجوکیشن) کی جانب سے کمشنر آف اسکول ایجوکیشن کو بھیجی گئی رپورٹ میں اسکول کے احاطے میں موجود غیر محفوظ حالات کو بنیادی تشویش قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلعی اسکول انسپکٹر نے بنیادی طور پر حفاظتی خدشات کی بنیاد پر اسکول کے احاطے کو بند کیے جانے کی سفارش کی تھی۔

