چین سے منسلک سائبر فراڈ گینگ کاا نکشاف، ہریانہ، یوپی سے چار افراد گرفتار

تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 اگست:ورک فرام ہوم کے نام پرلوگوں کو دھوکہ دینے والے چین سے منسلک سائبر فراڈ گینگ کا دہلی پولیس کے سائبر پولیس اسٹیشن نے ہریانہ اور اتر پردیش کے چار ملزموں کی گرفتاری کے ساتھ اس کا انکشاف کیاہے۔ ان میں بینک اکاؤنٹ فراہم کرنے والے، اکاؤنٹ آپریٹر، ایجنٹ اور اکاؤنٹ ہولڈر شامل ہیں۔دہلی پولیس نے کہا کہ ملزم چین میں بیٹھے سائبر دھوکے بازوں کو کرایہ کے بینک کھاتے فراہم کرتا تھا۔ چوری شدہ رقم کو مختلف کھاتوں میں منتقل کرکے اور پھر اسے کرپٹو کرنسی میں تبدیل کرکے چھپانے کی کوششیں کی جاتی تھیں۔ پولیس نے نو بینک پاس بک، پانچ سم کارڈ، چھ موبائل فون اور کمیشن کے حساب و کتاب پر مشتمل ایک رجسٹر برآمد کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ساؤتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ، دہلی، امیت گوئل نے جمعہ کو کہا کہ 17 جولائی کو سائبر پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے اطلاع دی کہ اسے ٹیلیگرام کے ذریعے ورک فرام ہوم کے نام پر مبنی نوکری کی پیشکش کی گئی تھی۔ ملزم نے آن لائن کام مکمل کرنے کے لیے سب سے پہلے سیکیورٹی کی رقم جمع کرائی۔ جب متاثرہ شخص نے کمائی نکالنے کی کوشش کی تو مختلف بہانوں سے اس سے مزید رقم وصول کی گئی۔ اس طرح متاثرہ نے ملزم کے ہاتھوں مجموعی طور پر 12 لاکھ روپے کھو دیے۔معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس آئی چیتن رانا کی قیادت میں ہیڈ کانسٹیبل وجے پال اور ہیڈ کانسٹیبل منیندر کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ تکنیکی تحقیقات سے پتہ چلا کہ دھوکہ دہی میں استعمال ہونے والے ٹیلیگرام آئی ڈی کے آئی پی ایڈریس چین میں موجود تھے۔