تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لندن، 14 اگست: ایران میں سزائے موت کے نفاذ اور حکومت مخالف مظاہروں میں شریک افراد کو پھانسی دیے جانے کی اطلاعات پر 32 ممالک نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ مذمت کرنے والے ممالک میں نیٹو کے رکن فرانس، برطانیہ اور کینیڈا کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی اور جرمنی بھی شامل ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اختلافِ رائے رکھنے والے افراد کو خاموش کرانے، مختلف طبقات کو خوف زدہ کرنے اور لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے لیے سزائے موت کا استعمال انتہائی تشویش ناک اور ناقابل قبول ہے۔بیان میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے اور انہیں پرامن اجتماع اور آزادیٔ اظہار کا حق فراہم کرے۔ 32 ممالک نے ایران سے سزائے موت کے نفاذ کو ختم کرنے اور تمام سیاسی و دیگر قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔یہ مشترکہ مذمتی بیان ابتدا میں یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالاس کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد دیگر ممالک بھی اس میں شامل ہوتے گئے۔ اب اس بیان کی حمایت کرنے والے ممالک کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔

