آئندہ چند روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان

تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 اگست: ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔ جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے ملحقہ گنگا کے میدانی علاقوں پر دباو¿ بننے کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کے مطابق، شمال مغربی، وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اگلے چند دنوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کی توقع ہے۔ دہلی-این سی آر میں ہفتہ کی صبح اور دوپہر سے شام تک ہلکی بارش متوقع ہے۔ اس دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 24- سے 26 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ 16 اور 17 اگست کو صبح سے دوپہر اور شام سے رات تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، دارالحکومت میں آج ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، جس سے حبس گرمی سے راحت ملی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی نارمل رہا۔

محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) نے شمال مغربی ہندوستان کے لیے شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ 15 سے 20 اگست کے دوران ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، لداخ اور اتراکھنڈ میں وسیع بارش متوقع ہے۔ ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں 15 اگست اور مغربی اتر پردیش میں 15 سے 16 اگست کو انتہای شدید بارش ہوسکتی ہے۔

وسطی ہندوستان میں بھی وسیع بارش کی توقع ہے۔ 15 سے 20 اگست کے دوران مغربی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مشرقی مدھیہ پردیش اور ودربھ میں بڑے پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔ 15 اگست کو چھتیس گڑھ اور مشرقی مدھیہ پردیش کے الگ الگ مقامات پر بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ مشرقی ہندوستان بشمول انڈمان اور نکوبار جزائر، مغربی بنگال (گنگا کے میدانی اور ذیلی ہمالیائی خطہ)، جھارکھنڈ، بہار اور اڈیشہ میں 15 سے 20 اگست کے دوران بھاری بارش متوقع ہے۔ اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور مختلف مقامات پر بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔