اسکول کے قریب خون سے لت پت نوجوان کی لاش برآمد

تاثیر 17 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 17 اگست:مغربی ضلع کے نارائنا وہار میں پیر کی صبح سروودیہ کنیا ودیالیہ کے قریب تقریباً 30 سالہ نوجوان کی برہنہ لاش ملنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نوجوان کے سر سے کافی خون بہہ رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس کو معاملہ قتل کا معلوم ہو رہا ہے۔ مقتول کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اس کی شناخت کے ساتھ ساتھ قتل کی وجہ اور واردات میں ملوث ملزمان کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کی صبح تقریباً سات بجے ایک راہ گیر نے نارائنا تھانے کو اطلاع دی کہ ٹی پوائنٹ کے قریب سی-52 کے سامنے سروودیہ کنیا ودیالیہ کی چار دیواری کے نزدیک ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ اس کے کچھ دیر بعد اسکول کے مرکزی دروازے کے قریب سی بلاک میں ایک نامعلوم نوجوان کی لاش پڑی ہونے کی پی سی آر کال بھی موصول ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی نارائنا تھانے کی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔ وہاں تقریباً 30 سالہ نوجوان کی لاش خون میں لت پت حالت میں پڑی ملی۔ لاش برہنہ تھی اور سر سے کافی مقدار میں خون بہہ رہا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کی کارروائی شروع کی۔