میڈیزی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز میں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

تاثیر 18 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 15 اگست: میڈیزی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز میں ہندوستان کا 80واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب کا آغاز مہمانِ خصوصی ڈاکٹر خالد حسین اور ڈائریکٹر رضوان احمد کے ہاتھوں پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر رضوان احمد نے تعلیم، نظم و ضبط، دیانت داری، قومی یکجہتی اور ہندو مسلم اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیزی کی Gen Z کو مستقبل کے ہندوستان کی قیادت کرنی ہے۔ ڈاکٹر خالد حسین نے طلبہ کو محنت، عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کرنے کی تلقین کی۔
تقریب میں طلبہ نے حب الوطنی پر مبنی مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے، جبکہ یومِ آزادی کوئز بھی منعقد کیا گیا، جس میں صحیح جواب دینے والے طلبہ کو نقد انعام دیا گیا۔ فیکلٹی ممبران نے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر نے ایڈمنسٹریٹر تسلیم کوثر، عریشہ فاطمہ اور تحسین انور کی کوششوں کو سراہا۔ پروگرام کا اختتام قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے عزم کے ساتھ ہوا۔