تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ/ مدینہ منورہ (سالک کوثر امام):گزشتہ روز مدینہ منورہ میں معروف فلاحی تنظیم ‘بہار انجمن’ کی جانب سے ایک پروقار اور تعلیمی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز روایتی جوش و خروش کے ساتھ ہوا، جس میں سب سے پہلے ہندوستان کی پرچم کشائی کی گئی اور پھر انتہائی احترام کے ساتھ ہندوستان کا قومی ترانہ “جن گن من” گایا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے پسماندہ طبقات کی ترقی، تعلیم اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہندوستان کی حکومت کی خدمات اور پالیسیوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔اس پروقار تقریب کی صدارت مدینہ ہلٹن کے ڈائریکٹر آف انجینئرنگ اور معروف سماجی شخصیت جناب محمد قمر عالم صاحب نے کی۔ اجلاس میں مدینہ منورہ میں مقیم بہار، جھارکھنڈ سمیت ملک کے مختلف جگہوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بہار انجمن: خدمات کے ۲۷ سال
اپنے صدارتی خطاب میں جناب محمد قمر عالم صاحب نے تنظیم کی تاریخ اور خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار انجمن ایک معروف اور غیر منافع بخش فلاحی تنظیم ہے، جس کی بنیاد 11 مارچ 1999ء کو انجینئر شکیل احمد اور ان کے ساتھیوں نے رکھی تھی۔ یہ تنظیم گزشتہ ستائیس برسوں سے خاص طور پر بہار اور جھارکھنڈ کے پسماندہ مسلم طبقے کی تعلیمی, معاشی اور سماجی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم اپنے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے کئی مستقل پروجیکٹس چلا رہی ہے، جن میں سب سے اہم اور مقبول پروجیکٹ “رہبر کوچنگ سینٹر” ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت سرکاری اسکولوں کے آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے غریب اور مستحق طلبہ کو ریاضی، سائنس اور انگریزی کی مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ بورڈ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکیں۔
بہار انجمن مدینہ منورہ چیپٹر کے صدر جناب فیروز صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے کلیدی مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد مسلم لڑکیوں کے لیے دینی اور عصری (جدید) تعلیم کو یکجا کر کے اسکول اور ہاسٹل قائم کرنا ہے، تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ایک بااعتماد شہری بن سکیں۔ اس کے علاوہ تنظیم سماجی محاذ پر بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مدد کرتی ہے اور غریب خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے لیے اپنے مشہور پورٹل “صبا آن لائن” کے ذریعے بالکل مفت ازدواجی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
پروگرام کے آخری مرحلے میں بہار انجمن مدینہ چیپٹر کے سکریٹری جناب ناصر صاحب نے مدینہ منورہ کے گوشے گوشے سے آئے ہوئے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس باوقار تقریب میں شریک معززین اور سرگرم اراکین میں جناب شاہین صاحب اور جناب ابو نصیبہ صاحب بھی خصوصی طور پر موجود تھے، جنہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون پیش کیا۔ اجلاس کا اختتام امتِ مسلمہ کی سربلندی، پسماندہ طبقات کی فلاح اور ملک و ملت کی ترقی کے لیے رقت آمیز دعا پر ہوا۔

