بھٹہ تھانہ میں ڈی ایم تنئے سلطانیہ کا استقبال

تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ایس ڈی ایم گورو کمار اور اے ایس پی سونیتا کماری نے کیا خیرمقدم
سیتامڑھی۔(مظفر عالم)
 سیتامڑھی کے نو تعینات ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) تنئے سلطانیہ ہفتہ کے روز بھارت-نیپال سرحدی علاقے کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل بھٹہ تھانہ پہنچے۔ تھانہ احاطے میں پُوپری کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) گورو کمار اور ایڈیشنل ایس پی سونیتا کماری نے گلدستہ پیش کرکے ضلع مجسٹریٹ کا پرتپاک استقبال اور خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ تنئے سلطانیہ نے افسران اور پولیس عہدیداروں سے ملاقات کی اور سرحدی علاقے کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت-نیپال سرحدی علاقے کی سلامتی، انتظامی تال میل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ سرحدی علاقے سے متعلق معاملات میں تمام محکموں کے درمیان بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پُوپری کے ایس ڈی ایم گورو کمار اور ایڈیشنل ایس پی سونیتا کماری نے ضلع مجسٹریٹ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ضلع میں انتظامی امور کو مزید مؤثر اور تیز رفتاری ملے گی۔ دونوں افسران نے ضلع مجسٹریٹ کے کامیاب اور بامقصد دورِ کار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر بھٹہ تھانہ انچارج دیپک پٹیل سمیت پولیس اور انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔ تھانہ احاطے میں مختصر پروگرام کے بعد ضلع مجسٹریٹ تنئے سلطانیہ بھارت-نیپال سرحد سے متعلق ضلع سطحی تال میل اجلاس میں شرکت کے لیے نیپال روانہ ہوگئے۔
ضلع مجسٹریٹ کے سرحدی علاقے کے دورے کے پیش نظر بھٹہ موڑ سمیت آس پاس کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔