راہل گاندھی نے ملک کی وراثت کی توہین کی: یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر 24 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

رائے بریلی، 24 اگست: اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو رائے بریلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ملک کی وراثت کی توہین کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو غلط سمت میں لے جا رہے ہیں۔ وہ رانا بینی مادھو بخش سنگھ کی 222ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ’بھاؤ سمرپن‘ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ملک کو اب راہل گاندھی سے کوئی خاص توقع نہیں ہے، لیکن اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے ان کی کچھ ذمہ داریاں ضرور ہیں۔ اس کے باوجود وہ اترپردیش سے باہر ریاست کی اور ملک سے باہر ملک کی توہین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اپنی تاریخی اور ثقافتی وراثت کی توہین کرنے کا حق نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے راہل گاندھی کو ’شَت پَتھ برہمن‘ اور ’مَتسیہ پران‘ جیسے قدیم متون کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں معلوم ہوگا کہ ہندوستانی مذہبی اور ثقافتی روایات اور وراثت میں کیا کچھ موجود ہے۔
یوگی نے کہا کہ رائے بریلی میں ماضی میں صرف ایک خاندان کے نام پر اداروں کے نام رکھے گئے اور شہیدوں کو فراموش کر دیا گیا۔ اب ریاستی حکومت اپنے شہیدوں اور قومی ہیروز کو یاد کر رہی ہے۔انہوں نے ایودھیا میں کانگریس کے ریاستی صدر کی جانب سے دی گئی دعوت پر بھی طنز کرتے ہوئے اسے ’سناتن‘ کی توہین قرار دیا۔ یوگی نے کہا کہ ہمیں اپنی وراثت کو پہچاننے اور اس پر فخر کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ نئی نسل ملک کی عظیم روایات اور تاریخ سے واقف ہوسکے۔