تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دَاخل خارج، تصحیحِ ریکارڈ، تجاوزات اور دیگر ریونیو معاملات کے فوری حل کی ہدایت
سیتامڑھی۔ (مظفر عالم) ڈومرا آنچل دفتر میں ہفتہ کے روز آنچل افسر انکو گپتا کی صدارت میں عوامی دربار کا انعقاد کیا گیا۔ عوامی دربار میں ڈومرا آنچل کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ اپنی زمین سے متعلق مسائل لے کر پہنچے اور اپنی شکایات و مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔
آنچل افسر انکو گپتا نے فریادیوں کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور متعلقہ معاملات کی مکمل معلومات حاصل کرتے ہوئے کئی معاملات کی موقع پر سماعت کی۔ انہوں نے متعلقہ اہلکاروں کو ضروری کارروائی کرتے ہوئے معاملات کے فوری اور ضابطے کے مطابق حل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
عوامی دربار میں خاص طور پر زمین کے تنازعات، دَخل خارج، ریکارڈ کی تصحیح، تجاوزات اور دیگر ریونیو سے متعلق معاملات کو لے کر لوگوں نے درخواستیں پیش کیں۔ سی او نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی کہ موصولہ درخواستوں کی جانچ کرکے قانون و ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ عوام کو غیرضروری طور پر دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
آنچل افسر انکو گپتا نے کہا کہ عام لوگوں کے مسائل کا وقت مقررہ کے اندر، شفاف اور غیر جانب دارانہ طریقے سے حل کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی دربار کے ذریعے لوگوں کو اپنے مسائل براہِ راست انتظامیہ کے سامنے رکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

