بھوپال کے رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف میونسپل کارپوریشن کی سیلنگ کارروائی

تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 31 اگست: سپریم کورٹ کی سختی کے بعد مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے رہائشی علاقوں میں مبینہ غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف میونسپل کارپوریشن نے بڑے پیمانے پر سیلنگ کارروائی شروع کر دی ہے۔ پیر کو کی گئی کارروائی کے دوران صرف چار گھنٹوں میں 15 سے زائد تجارتی اداروں کو بند کرا دیا گیا۔ دوسری جانب اریرا کالونی سمیت کئی علاقوں میں تاجروں نے زبردست ہنگامہ کرتے ہوئے کارپوریشن پر چھوٹے کاروباریوں کو نشانہ بنانے اور بڑے مالز کو کارروائی سے بچانے کا الزام عائد کیا۔
رہائشی علاقوں میں جاری تجارتی سرگرمیوں کے خلاف میونسپل کارپوریشن کی کارروائی پیر کی صبح 9 بجے شروع ہوئی۔ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کے تحت شروع کی گئی اس کارروائی سے شہر بھر کے تاجروں میں تشویش پھیل گئی۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں نے مختلف تھانوں کی بھاری پولیس فورس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے صرف چار گھنٹوں میں سرو دھرم، اریرا کالونی، رچنا نگر اور خانہ گاؤں جیسے علاقوں میں 15 سے زائد اداروں کو سیل یا بند کرایا۔