تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 31 اگست: سماج وادی پارٹی (ایس پی)کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پیر کو ریاست میں امن و قانون، پولیس انکاؤنٹر اور ووٹر لسٹ کے معاملے پر یوگی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت میں پولیس کارروائی کے نام پر سب سے زیادہ پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں یعنی پی ڈی اے طبقے کے لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر ریاست میں سماج وادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو اب تک ہوئے تمام انکاؤنٹر کے معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔اکھلیش یادو لکھنؤ میں واقع سماج وادی پارٹی کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے شاملی میں پیر کی صبح ہریانہ کے گلوکار انکت بالیان کے قتل کے معاملے میں دو ملزمان کے پولیس انکاؤنٹر میں مارے جانے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ریاست میں پولیس کی جانب سے کی جا رہی کارروائیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے انہیں غلط قرار دیا اور حکومت کی امن و قانون کی صورت حال پر تنقید کی۔

