تاثیر 01 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، یکم ستمبر : وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے منگل کو کہا کہ ہندوستان کی نوجوان طاقت، مقامی ٹیکنالوجی، دفاعی صلاحیت اور اختراع ملک کو خود کفیل اور ترقی یافتہ (وکست بھارت)ملک بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی سلامتی کے منظرنامے میں جنگ اب صرف روایتی فوجی شعبوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ خلا، سائبر، الیکٹرانک اور اطلاعاتی شعبے بھی فیصلہ کن بن چکے ہیں۔ ایسے میں تینوں افواج کے درمیان مشترکہ عمل اور انضمام کے ساتھ پوری قوم کی صلاحیتوں کو مربوط انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
سنجے سیٹھ نے یہ بات یہاں مانیک شا سینٹر میں ہیڈکوارٹر انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے تحت قائم جوائنٹ وار اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے منعقدہ ’دفاعی افواج کے نقطہ نظر سے قومی احیا‘ کے موضوع پر دوسرے سالانہ ٹرائیڈنٹ لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام کی صدارت ہیڈکوارٹر انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے سربراہ اور جوائنٹ وار اسٹڈیز سینٹر کے صدر ایئر مارشل تیجندر سنگھ نے کی۔ جوائنٹ وار اسٹڈیز سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل (ریٹائرڈ) اشوک کمار نے افتتاحی اجلاس کی نظامت کی۔ پروگرام میں اعلیٰ فوجی افسران، اسٹریٹجک ماہرین، سفارت کار اور دفاعی شعبے سے وابستہ ماہرین موجود تھے۔

