ریلوے کی سلامتی اور مال برداری کی صلاحیت ہوگی مزید مضبوط، تین اہم منصوبوں کو منظوری

تاثیر 01 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم ستمبر: ہندوستانی ریلوے نے سلامتی، سگنلنگ کی جدید کاری اور مال برداری کی صلاحیت میں اضافے سے متعلق تین اہم منصوبوں کو منظوری دے دی ہے۔ سمستی پور ڈویژن کے 21 اسٹیشنوں پر الیکٹرانک انٹرلاکنگ کے لیے 233 کروڑ روپے، جنوبی مشرقی ریلوے میں ادرا-جئے چندی پہاڑ-سانکا بائی پاس لائن کے لیے 272 کروڑ روپے اور مرادآباد ڈویژن میں 712 روٹ کلومیٹر پر کَوچ 4.0 نصب کرنے کے لیے 170 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ ان تینوں منصوبوں پر مجموعی طور پر 675 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ریلوے نے کہا ہے کہ ان منصوبوں کے ذریعے پرانے سگنلنگ نظام کو جدید بنایا جائے گا، ٹرینوں کے آپریشن کی سلامتی میں اضافہ ہوگا، مال گاڑیوں کی آمد و رفت تیز ہوگی اور ریلوے نیٹ ورک کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا۔وزارت کے مطابق مشرقی وسطی ریلوے کے سمستی پور ڈویژن کے 21 اسٹیشنوں پر موجودہ پینل انٹرلاکنگ نظام کو الیکٹرانک انٹرلاکنگ سے تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کام پر 233 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ کمپیوٹر پر مبنی یہ جدید نظام پرانے ریلے پر مبنی نظام کے مقابلے میں زیادہ قابل اعتماد ہوگا۔ اس سے خرابی کی نشاندہی اور دیکھ بھال آسان ہوگی، جبکہ آپریشن میں لچک بھی بڑھے گی۔ منصوبے سے ان اسٹیشنوں پر سگنلنگ کا نظام مضبوط ہوگا اور کَوچ نظام نافذ کرنے کے لیے ضروری جدید بنیادی ڈھانچہ بھی تیار ہوگا۔