تاثیر 02 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گیاجی، 2 ستمبر: آفیسرز ٹریننگ اکیڈمی (او ٹی اے)، گیاجی میں 5 ستمبر 2026 کو اپنی 29ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر شارٹ سروس کمیشن کے 218ویں اور 219ویں کورس، ٹیکنیکل انٹری (مرد) کے 65ویں کورس اور شارٹ سروس کمیشن (ٹیکنیکل) کے 35ویں اور 36ویں کورس کے آفیسر کیڈٹس اپنی سخت فوجی تربیت مکمل کرکے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب کے بعد یہ تربیت یافتہ کیڈٹس فوجی افسران کی حیثیت سے ملک کی خدمت کے لیے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
دو روزہ پاسنگ آؤٹ تقریب کے موقع پر او ٹی اے گیاجی میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں گورو میڈل ایوارڈ تقریب، پاسنگ آؤٹ پریڈ، پائپنگ تقریب اور حلف برداری کی تقریب شامل ہیں۔ گورو میڈل ایوارڈ تقریب میں سمفنی بینڈ، ملاکھمب، کلاری پائیٹو اور گٹکا جیسی روایتی اور دلچسپ پیشکشیں بھی توجہ کا مرکز ہوں گی۔
تقریب میں سول معززین کے علاوہ آفیسر کیڈٹس کے اہل خانہ اور دیگر معزز مہمان بھی شرکت کریں گے۔ مختلف معروف اسکولوں کے طلبہ، نیشنل کیڈٹ کور(این سی سی) کے دستے اور مختلف سینٹرز آف ایکسیلنس کے طلبہ بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ ان کی شرکت کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی اور ملک کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا اور انہیں ہندوستانی مسلح افواج میں کیریئر بنانے کی ترغیب دینا ہے۔سمر ٹرم 2026 کی پاسنگ آؤٹ تقریبات کے سلسلے میں کمانڈنٹ ایوارڈ تقریب او ٹی اے گیا کے وجے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ او ٹی اے گیا کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل سندیپ سنگھ، اتی وششٹ سیوا میڈل (اے وی ایس ایم)، نے تقریب میں شرکت کی۔

