ورون دھون کا دیسی انداز، کھیتوں میں سیکھ رہے ہیں چاول کی کاشت

تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی،3 ستمبر:اداکار ورون دھون اس وقت فلموں کے ساتھ -ساتھ کھیتی باڑی سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے بتایا تھاکہ انہوں نے ایک فارم خریدا ہے اور اسے اپنی زندگی کی سب سے بڑی حصولیابیوں میں سے ایک قرار دیا۔ اس وقت سامے آنے والی ایک ویڈیو میں ورون اپنے فارم پر بیٹھے چائے اور بسکٹ سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے تھے۔ اب، اداکار نے فارم سے کچھ نئی تصاویر کا اشتراک کیا ہے ، جس میں ان کا بالکل مختلف انداز دیکھنے کو مل رہا ہے ۔
انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے ورون نے لکھا، ’’کھیتی شروع‘‘۔ تصاویر میں وہ کھیتوں میں چاول کے پودے لگاتے اور کسانوں کے ساتھ کھیتوں میں ہل چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اداکار بہت پر سکون انداز میں کھیتی باڑی کی تکنیک سیکھتے نظر آرہے ہیں۔ تصاویر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ورون صرف فارم خریدنے میں ہی دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ کھیتی کو قریب سے سمجھنے اور اس کا تجربہ کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔