تاثیر 05 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 5 ستمبر:سوپور پولیس نے تقریباً 5,000 لیٹر پیٹرول لے جانے والے ایک آئل ٹینکر کو ضبط کیا ہے۔ اسے درست دستاویزات کے بغیر لے جایا جا رہا تھا اور اس معاملے کے سلسلے میں ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ٹینکر زیر رجسٹریشن نمبر جے کے 04جی -0068 کو پولیس پوسٹ بس اسٹینڈ کے دائرہ اختیار میں واقع اقبال مارکیٹ، سوپور میں ناکہ چیکنگ کے دوران روکا۔
چیکنگ کے دوران ٹینکر کے اندر سے تقریباً 5000 لیٹر پیٹرول برآمد ہوا۔ ڈرائیور کی شناخت بلال احمد ملہ ولد بشیر احمد ملہ ساکن مارکنڈل سمبل کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور پیٹرولیم مصنوعات کے قبضے اور نقل و حمل کے لیے درست دستاویزات یا قانونی اجازت پیش کرنے میں ناکام رہا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ پٹرول کو مبینہ طور پر ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے لیے غیر مجاز فروخت کرنا تھا۔

