تاثیر 06 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 06 ستمبر: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں شہید پتھ پراتوار کو اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک ڈبل ڈیکر بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ بس گورکھپور سے گجرات جا رہی تھی۔ میدانتا اسپتال کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بس چلنے کے دوران اچانک ٹائر میں آگ لگ گئی اور آگ کے شعلوں نے گاڑی کے پچھلے حصے کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ تیزی سے پھیلنے سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تاہم تمام 30 مسافروں کو بروقت بحفاظت نکال لیا گیا۔ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، البتہ آگ لگنے سے کچھ مسافروں کا سامان جل کر خاکستر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

