تاثیر 06 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
صاف ستھرے کھانے، پینے کے صاف پانی اور بہتر طبی سہولیات پر خصوصی توجہ.
حاجی پور/ویشالی (شرافت خان) ۔ ویشالی ضلع میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری راحت و بچاؤ کے کاموں کا اتوار کو انچارج سکریٹری، ویشالی رچنا پاٹل نے ضلع مہمان خانہ میں جائزہ لیا۔ جائزہ میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ، ایڈیشنل کلکٹر (ڈیزاسٹر مینجمنٹ)، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر سمیت آفات سے متعلق تمام افسران موجود تھے۔ جائزہ کے دوران انچارج سکریٹری نے ضلع میں جاری راحت و بچاؤ کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کو تمام ضروری سہولیات بلا رکاوٹ فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بالخصوص اجتماعی باورچی خانوں میں صفائی ستھرائی، کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضرورت کے مطابق کشتیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور اجتماعی باورچی خانوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے صاف پینے کے پانی، مویشیوں کے لیے وافر چارہ اور متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ٹیموں کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کو کہا۔
صحت کی سہولیات کے سلسلے میں انچارج سکریٹری نے خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں حاملہ خواتین کی نشاندہی کرکے انہیں بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے۔ جائزہ میٹنگ کے بعد انچارج سکریٹری رچنا پاٹل اور ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے مشترکہ طور پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری راحت انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا۔ دونوں افسران نے گنگا برج واقع اجتماعی باورچی خانہ اور صحت مرکز کا معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات و انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دوران دونوں افسران نے راحت کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین سے ملاقات کرکے ان کا حال دریافت کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے کھانے، پینے کے پانی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ افسران نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ راحت کیمپوں میں مقیم متاثرین کو کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام ضروری سہولیات باقاعدگی سے فراہم کی جائیں۔ اجتماعی باورچی خانے کے معائنے کے دوران افسران نے کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے باورچی خانے میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے اور کھانا تیار کرنے سے لے کر تقسیم تک مقررہ معیار پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد انچارج سکریٹری اور ضلع مجسٹریٹ نے راغھوپور بلاک کے اجتماعی باورچی خانے کا بھی معائنہ کیا۔ وہاں جاری راحت انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں اور سیلاب متاثرین کی ضروریات کے مطابق راحت و بچاؤ کے کاموں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو کھانا، صاف پینے کا پانی، طبی سہولیات، مویشیوں کا چارہ اور دیگر ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

