تاثیر 08 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 8 ستمبرـ: جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر پولیس قوانین 1960 میں ترمیم کرتے ہوئے کانسٹیبلوں کی بھرتی کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے 7 ستمبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن ایس ۔او 237 کے مطابق کانسٹیبل کی 80 فیصد اسامیاں براہِ راست بھرتی کے ذریعے پُر کی جائیں گی، جبکہ 20 فیصد اسامیاں ترقی دیکر پُر ہوں گی۔ ترمیم شدہ ضابطہ 174-اے کے تحت 15 فیصد اسامیاں ایسے اسپیشل پولیس آفیسرز کے لیے مختص کی گئی ہیں جنہوں نے کم از کم تین سال خدمات انجام دی ہوں۔ اہل ایس پی اوز کے لیے مقررہ تعلیمی اور جسمانی معیار پر پورا اترنے کے علاوہ فزیکل اسٹینڈرڈ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جذب کے لیے اہل ایس پی اوز نے سی آئی آپریشنز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو اور اس کارکردگی کی مجاز اتھارٹی سے منظوری بھی حاصل ہو۔اسی طرح کانسٹیبل کی پانچ فیصد اسامیاں محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے فالورز کی ترقی کے ذریعے پُر کی جائیں گی۔ اس کے لیے متعلقہ ملازمین کا کم از کم پانچ سال کا سروس ریکارڈ، مقررہ تعلیمی و جسمانی معیار اور پی ایس ٹی میں کامیابی ضروری ہوگی۔

