بھاگلپورمیں سیلاب کا قہر، اسکول میں گھسا سیلاب کا پانی، گاؤں کا رابطہ منقطع

تاثیر 09 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 9 ستمبر:بھاگلپور ضلع کے ناتھ نگر بلاک میں سیلاب کا بحران دن بہ دن سنگین ہوتا جارہا ہے۔ گنگا اوراس کی معاون ندیوں کے پانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی سطح نے کئی پنچایتوں کو جزیروں میں تبدیل کردیا ہے۔ صورتحال اتنی خطرناک ہو گئی ہے کہ بیلکھوریا پنچایت میں مڈل اسکول اور بھوولپور پنچایت کے پرانی سرائے گاؤں مکمل طور پر سیلاب کے پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ اور ان کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ پورے علاقے میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثرہوگیا ہے، جس سے مقامی لوگ مشکل حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
بیلکھوریا پنچایت کا بیلکھوریا مڈل اسکول میں سیلاب کا پانی گھس چکا ہے۔ اسکول کے احاطہ میں گھٹنوں تک پانی پہنچ چکا ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ اس جان لیوا خطرے کے باوجود طلبہ اس گندے، گہرے پانی سے گزرتے ہوئے اپنے اسکول کے بیگ کندھوں پراٹھائے، اپنی کلاس روم تک پہنچنے پر مجبورہیں۔ جس سے والدین اور مقامی رہائشیوں میں اپنے بچوں کی حفاظت کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جو ممکنہ طور پر کسی بڑی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ دریں اثنا بھوولپور پنچایت کا حصہ پرانی سرائے گاؤں میں بھی حالات خراب ہو گئے ہیں۔