تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 10 ستمبر :جین مذہب کے آٹھ روز چلنے والے ایک تہوار جسے پریوشن کہتے ہیں، اس دوران میرا بھائیندر میں مچھلی اور گوشت کی فروخت پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد اب بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نریندر مہتا کی سیون اسکوائر اکیڈمی اسکول کے ایک حکم پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ اسکول انتظامیہ نے پریوشن کے دوران طلبہ کے ٹفن میں پیاز، آلو، لہسن، چقندر اور دیگر زمین کے اندر اگنے والی سبزیاں لانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس سلسلے میں طلبہ اور والدین کو اسکول کی ایپ کے ذریعے ہدایات بھیجی گئی ہیں۔ اس حکم کے بعد والدین میں شدید ناراضی پائی جا رہی ہے۔ بعض والدین نے اسکول کی جانب سے بھیجا گیا پیغام مہاراشٹر نونرمان سینا کے سچن پوپلے کو بھیجا، جس کے بعد منسے نے اس معاملے میں جارحانہ موقف اختیار کیا ہے۔ جین مذہب کے پریوشن تہوار کا آغاز 16 ستمبر سے ہونے جا رہا ہے۔ اس دوران جین برادری کے افراد پیاز، لہسن، آلو اور دیگر زمین کے اندر اگنے والی سبزیوں سے پرہیز کرتے ہیں۔ اسی دوران میرا بھائیندر میونسپل کارپوریشن نے پورے شہر میں 2 دن تک مچھلی اور گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کی ہے۔ میرا بھائیندر کے مقامی باشندوں اور مراٹھی ایکی کرن سمیتی کی جانب سے اس فیصلے کی سخت مخالفت کیے جانے کے بعد پہلے ہی ہنگامہ برپا ہے۔

