تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 10 ستمبر:: مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امرتا فڑنویس کی جانب سے گھر پر کھانے کی دعوت قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو اس دعوت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جرانگے پاٹل نے کہا کہ وہ بھاؤ بیج کے موقع پر ان کے گھر کھانے کے لیے جائیں گے۔ امرتا فڑنویس نے بدھ کی شام ناگپور میں ایک پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے منوج جرانگے پاٹل کو اپنا بھائی قرار دیا تھا اور انہیں اپنے گھر کھانے کی دعوت دی تھی۔
منوج جرانگے پاٹل نے جمعرات کو دعوت کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امرتا فڑنویس نے خود دعوت دی ہے، اس لیے وہ ضرور جائیں گے، تاہم موجودہ حالات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کیونکہ ان کی مراٹھا ریزرویشن تحریک جاری ہے۔ جرانگے پاٹل نے کہا کہ جب ایک بھائی کسی مقصد کے لیے میدان میں جدوجہد کر رہا ہو تو بہن کو اسے کھانے کی دعوت دینے کے بجائے اس کی صورتحال کو بھی سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شکار کے دوران ادھر ادھر نہیں دیکھا جاتا اور ان کی بہن کو اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ جرانگے پاٹل نے کہا کہ وہ بھاؤ بیج پر کھانے کے لیے آئیں گے اور ان کے لیے ساڑی اور بلاؤز بھی لے کر آئیں گے۔

