تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 10 ستمبر : ممبئی میں وزیر اعظم کے دورے سے قبل باندرہ کرلا کمپلیکس میں واقع جیو ورلڈ پلازا میں فرضی وزیر اعظم دفتر یعنی پی ایم او شناختی کارڈ کے ذریعے داخل ہونے کے معاملے میں نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ 24 سالہ ملزم روہن پاریکھ مبینہ طور پر اپنے محافظ دلیپ کنڈے کے ساتھ جیو ورلڈ پلازا پہنچا تھا۔ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ پاریکھ نے مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے ٹولز استعمال کرکے فرضی پی ایم او شناختی کارڈ تیار کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق پاریکھ کی یہ حرکت مبینہ طور پر اس کے وہمی خیالات سے متاثر تھی۔ انٹیلی جنس بیورو، ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ اور انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم نے روہن پاریکھ اور اس کے محافظ دلیپ کنڈے سے پوچھ گچھ کی۔ پوچھ گچھ کے دوران پاریکھ نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے اے آئی ٹولز کی مدد سے فرضی شناختی کارڈ تیار کیا تھا۔
تحقیقات میں سامنے آنے والی نئی معلومات روہن پاریکھ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے اس موقف سے مختلف ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ پاریکھ جئے شنکر کی جانب سے بھیجے گئے ایک فرضی ای میل کا شکار ہوا تھا۔ پاریکھ کے دعووں کے بعد تفتیش کاروں نے دہلی میں وزیر اعظم کے دفتر سے شناختی کارڈ کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق پی ایم او نے واضح کیا کہ اس کی جانب سے ایسا کوئی شناختی کارڈ جاری نہیں کیا گیا تھا اور یہ دستاویز فرضی تھی۔

