تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
احمد آباد/گاندھی نگر، 10 ستمبر: گجرات میں بم دھماکوں کے خطرے نے ایک بار پھر خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ احمد آباد کے ویجل پورواقع گائیڈز اسکول ،بوپل کی ڈی پی ایس اور ادگام اسکول کو بم کی دھمکی والی ای میلز موصول ہوئی ہیں۔ دھمکی ملنے کے بعد اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر والدین کو بچوں کو گھر بھیجنے کی اطلاع دی۔بم اسکواڈ، فائر ڈپارٹمنٹ، پولیس اور 108 ایمبولینس کی ٹیمیں ای میل کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اسکولوں میں پہنچ گئیں۔ حفاظتی وجوہات کی بنا پر اسکولوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا اور پورے کیمپس کی تلاشی شروع کر دی گئی ہے۔
گائیڈز اسکول نے والدین کو پیغامات بھیجے جن میں انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ طلباء کو اپنے گھر لے جائیں۔ اس کے بعد والدین کو خوف کے ماحول میں اسکولوں کی طرف دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں اور پولیس کی ایک ٹیم بھی اسکول پہنچی۔ احتیاط کے طور پر پورے اسکول کیمپس کو خالی کرا لیا گیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ذمہ داری سنبھالی۔ڈی ای او روہت چودھری نے کہا کہ جن اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں ان کی تحقیقات کی جائیں گی۔ جس اسکول کو ای میل موصول ہوئی ہے اس کے لیے پولیس کو اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ انہوں نے اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کو بحفاظت نکال لیں اور پولیس کی تحقیقات میں مکمل تعاون کریں۔

