تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سمری تھانہ حلقہ کے اتر بیل میں گاڑی چیکنگ کے دوران پولیس نے چوری کے شبہ میں ایک ویگن آر کار ضبط کرکے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ڈرائیور کی شناخت بشن پور تھانہ حلقہ کے پنچوب گاؤں باشندہ وجے مشرا کے بیٹے بھرتندو کمار مشرا (23) کے طور پر ہوئی ہے۔ ضبط شدہ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر BR 02 BH 9067 ہے۔
پولیس کے مطابق جمعہ کو دوسری پالی کی گشت کے دوران سب انسپکٹر پوجا رانی کو اطلاع ملی کہ مورو کی جانب سے سمری-اتر بیل کی طرف آنے والی سفید رنگ کی ویگن آر میں شراب لے جائی جا رہی ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے لیے پولیس ٹیم اتر بیل پہنچی اور گاڑیوں کی جانچ شروع کی۔ اسی دوران مذکورہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ڈرائیور پولیس کو دیکھ کر گاڑی لے کر فرار ہونے لگاپولیس نے کافی جدوجہد کے بعد گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی کی ڈکی کی تلاشی لینے پر شراب یا کوئی مشتبہ سامان برآمد نہیں ہوا۔ اس کے بعد ڈرائیور سے گاڑی کی ملکیت اور کاغذات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی، لیکن وہ کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دے سکا اور گاڑی کے درست کاغذات بھی پیش نہیں کر سکا۔
اس کے بعد پولیس نے چوری کے شبہ میں گاڑی ضبط کرکے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ سب انسپکٹر پوجا رانی کے بیان پر ایف آئی آر درج کرکے گرفتار ملزم کو ہفتہ کے روز عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔تھانہ انچارج اروند کمار نے بتایا کہ ضبط شدہ گاڑی کی تصدیق کے لیے آر ٹی او کو خط بھیجا گیا ہے۔ گاڑی کے حقیقی مالک اور اس سے متعلق دیگر نکات پر تحقیقات کی جا رہی ہے

