تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور:12/ستمبر(پریس ریلیز)مظفرپور کی عوامی و سماجی تحریکوں میں سرگرم کردار ادا کرنے والے معروف نوجوان رہنما فہد زماں نے آج اپنے سترہ ساتھیوں سمیت کانگریس کا دامن تھام لیا۔ ان کی کانگریس میں شمولیت کو بہار کی سیاست میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمی اور عوامی مسائل پر جدوجہد کو نئی سمت دینے والی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ فہد زماں کی قیادت میں 17 افراد کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی کو مظفرپور سمیت شمالی بہار میں مزید مضبوط ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ریاستی کانگریس دفتر صداقت آشرم، پٹنہ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاوارو، ریاستی صدر راجیش رام، این ایس یو آئی کے قومی انچارج ڈاکٹر کنہیا کمار، ریاستی جنرل سکریٹری راشد حسین چودھری اور ریاستی سکریٹری دین بندھو کرانتی کاری کی موجودگی میں فہد زماں اور ان کے ساتھیوں نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔
رکنیت حاصل کرنے والوں میں نسیم اختر،شفیع احمد، رضوان صدیقی اور محمد نظام الدین سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔اس موقع پر بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاوارو نے فہد زماں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 2014 کے بعد سے ملک کے سماجی تانے بانے کو نفرت کی سیاست کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، لیکن ملک کی طلبہ تحریک نے عوام کے اندر امید کی نئی کرن پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرپور کی سڑکوں پر عوامی مسائل کے لیے جدوجہد کرنے والے فہد زما کا کانگریس میں شامل ہونا اہم پیش رفت ہے۔ ان کی شمولیت سے مظفرپور میں کانگریس مزید مضبوط ہوگی اور عوام کے سوالات پر پارٹی کی تحریک کو نئی رفتار ملے گی۔ریاستی کانگریس صدر راجیش رام نے کہا کہ ہندوستان نوجوانوں کا ملک ہے اور انہیں خوشی ہے کہ فہد زماں سمیت کانگریس میں شامل ہونے والے تمام ساتھی نوجوان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی کانگریس کا مستقبل ہیں اور آنے والے وقت میں پارٹی کی ذمہ داریاں انہی کے مضبوط کندھوں پر ہوں گی۔

