تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آج مورخہ 12 ستمبر 2026 کو “بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ” اسکیم تحت سرسوتی ودیا نکیتن ماڈل اسکول/شری سوامی آتما وویکانند +2 اسکول رادیہ زون چناری میں ایک عظیم بیداری کیمپ اور “سکھی وارتا” پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس خصوصی پروگرام کا بنیادی مقصد لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا، بچپن کی شادی جیسی سماجی برائیوں کا خاتمہ اور لڑکیوں کو انکے حقوق سے آگاہ کرنا تھا ۔ “چائلڈ میرج فری انڈیا مہم” کیمپ نے بچوں کی شادی کو روکنے اور بچوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کا پیغام دیا ۔ “سکھی وارتا” اور مکالمے کے پروگرام طلباء اور خواتین کے ساتھ براہ راست بات چیت کے ذریعہ منعقد کئے گئے جسمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور حفاظت سے متعلق اہم معلومات اور اس پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ ہنگامی حالات میں خواتین اور لڑکیوں کی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 181، خواتین کی ہیلپ لائن/ون اسٹاپ سینٹر کے استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کی گئی۔ پروگرام کے دوران موجود طلباء میں صحت کی حوصلہ افزائی کے لیے ماہواری سے متعلق حفظان صحت کی کٹس، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ لوگو والی ڈائریاں، قلم اور اسنیکس تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کے آخر میں سرکاری سکیموں کے حوالے سے ایک کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا اور سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے چھ طلباء کو یادگاری نشانات اور میڈلز سے نوازا گیا۔ پروگرام کی قیادت ڈسٹرکٹ پراجیکٹ مینیجر مو شمیم انصاری نے کی، جس کی نظامت فنانشل لٹریسی اسپیشلسٹ کماری میگھا، ڈسٹرکٹ مشن کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرہاد درانی، اور سینٹر ایڈمنسٹریٹر آفرین ترنم نے کی۔ اسکول کے اساتذہ، وومن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش سے اس پروگرام میں حصہ لیا، معاشرے کو بااختیار بنانے اور بچوں کی شادی سے پاک کرنے کا عہد کیا۔

