یو ایس اوپن فائنل میں سبالینکا کو روکنے کے لیے ریباکینا کی حکمتِ عملی

تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نیویارک، 12 ستمبر:دنیا کی نمبر دو کھلاڑی قزاقستان کی ایلینا ریباکینا بخوبی جانتی ہیں کہ اگر انہیں عالمی نمبر ایک بیلاروس کی آرینا سبالینکا کو مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کا خطاب جیتنے سے روکنا ہے تو انہیں کس حکمتِ عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ اسی لیے وہ جارحانہ کھیل کے ساتھ ریلیز پر کنٹرول برقرار رکھنے اور سبالینکا کو پوائنٹس پر حاوی ہونے سے روکنے کی کوشش کریں گی۔
یو ایس اوپن 2026 خواتین سنگلز کے فائنل میں ٹاپ سیڈ اور دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن سبالینکا کا سامنا کرنے سے قبل ریباکینا نے ایک انٹرویو میں کہا، ’’میرے خیال میں اسی جذبے کو برقرار رکھنا ہوگا۔ اس دن میں جیسا بھی محسوس کروں، مجھے مقابلہ کرنا ہوگا اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔ ہم ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتی ہیں اور کئی مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں۔ اہم مواقع پر میں جارحانہ رہنے کی کوشش کروں گی، انہیں پوائنٹس پر کنٹرول حاصل کرنے کا موقع نہیں دوں گی اور ریلیوںمیں خود کو حاوی رکھنے کی کوشش کروں گی۔‘‘