فیکٹری اور فلیٹ میں لگی آگ، فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا

تاثیر 13 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

فریدآباد، 13 ستمبر: فریدآباد میں اتوار کی صبح ایک فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس فیکٹری میں ربرکا کام ہوتا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔ کئی گھنٹوں کی سخت محنت کے باوجود ابتدا میں آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ایک درجن سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے پہنچنے کے بعد مزید گاڑیاں بھی طلب کی گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔
یہ آگ ڈبوا-پالی روڈ پر 17 نمبر چونگی کے قریب واقع آر این پولی مر پرائیویٹ لمیٹڈ فیکٹری میں لگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ آگ لگنے کے وقت فیکٹری بند تھی اور وہاں ملازمین کی تعداد بھی بہت کم تھی۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی باضابطہ طور پر انکشاف نہیں ہوا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ڈبوا تھانے کے انچارج سومیر سنگھ نے بتایا کہ آگ کی زد میں آنے سے فیکٹری میں کھڑی دو گاڑیاں جل گئیں۔ ان میں ایک کیا کار اور ایک اسکارپیو شامل ہیں۔ حادثے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔