تاثیر 14 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 14 ستمبر: امریکا میں ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے درمیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے لیے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ٹرمپ کا الزام ہے کہ روس کی تیل ریفائنریوں اور ایندھن سے متعلق تنصیبات پر یوکرین کے مسلسل حملوں کے باعث عالمی ایندھن مارکیٹ پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
روس کے بین الاقوامی نیوز ٹیلی ویڑن نیٹ ورک رشیا ٹوڈے (آر ٹی) کے مطابق، امریکا میں ڈیزل کی قومی اوسط قیمت اس ہفتے پہلی بار 6 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی۔ جمعے کو قیمت 6 ڈالر سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایک ہفتہ قبل یہ تقریباً 5.85 ڈالر فی گیلن تھی۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں ڈیزل کی قیمت تقریباً 3.71 ڈالر فی گیلن تھی۔
آئرلینڈ کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے زیلنسکی کے سامنے ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے یوکرینی قیادت سے اپیل کی کہ وہ روس میں ڈیزل کی پیداوار سے متعلق تنصیبات کو نشانہ نہ بنائے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کے پاس روس میں حملے کے لیے کئی دوسرے اہداف موجود ہیں، لیکن ڈیزل ایندھن سے متعلق تنصیبات پر حملوں سے عالمی سطح پر ایندھن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

