تاثیر 14 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 ستمبر:صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پیر کو ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو خواتین کا ٹی 20 ایشیا کپ 2026 کا خطاب جیتنے پر مبارکباد دی۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ‘ ایکس’ پر کہا کہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تمام میچ جیتے اور ملک کو اعزاز دلایا۔ انہوں نے کھلاڑیوں ، نوجوانوں، خاص طور پر لڑکیوں کے لیے مستقبل میں بھی کامیابی کی نئی کہانیاں تخلیق کرنے کے لییاپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر جمہوریہ نے جونیئر مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیموں کو ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی پر بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی لگن، نظم و ضبط اور ٹیم کا جذبہ ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔
نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستانی خواتین کھلاڑیوں کی جیت کا سلسلہ، بہترین ٹیم ورک اور غیر متزلزل عزم ملک کے لئے قابل فخرہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی بے شمار نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے، کھیلوں کو اپنانے اور مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔

