تاثیر 14 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 ستمبر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پنجاب کے نوجوانوں کو منشیات کی لت سے نجات دلانے کے لیے منشیات اور گینگسٹر ازم کے خلاف اپنی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی 18 ستمبر سے منشیات سے نجات کی مہم شروع کرے گی۔
بی جے پی کے مرکزی دفتر کے انچارج اور رکن پارلیمنٹ ترون چغ نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی مسلسل منشیات، بھتہ خوری اور گینگسٹرز کی سیاست میں سرپرستی کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہے۔ اب پارٹی کے قومی صدر نتن نوین کی قیادت میں پنجاب میں چار یاترائیں نکالی جائیں گی۔ ان یاتراؤں کا آغاز مختلف مقامات سے ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ 18 ستمبر کو پٹھان کوٹ سے یاترا کا آغاز بی جے پی صدر نتن نوین کریں گے۔ 19 ستمبر کو فتح گڑھ صاحب سے شروع ہونے والی یاترا کا افتتاح دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کریں گی۔ اسی سلسلے میں 20 ستمبر کو فاضلکا سے یاترا شروع ہوگی، جس کی قیادت مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف (آزادانہ چارج) ارجن رام میگھوال کریں گے۔ وہیں 21 ستمبر کو بھٹنڈہ سے یاترا کا آغاز مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کریں گے۔

