تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کی کٹاسا پنچایت کے کٹہلیا گاؤں میں جمعہ کو سخت پولیس انتظامات کے درمیان وشوکرما پوجا کے وسرجن کا جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ اے ڈی ایم سلیم اختر، ایس ڈی او کمار گورو، ایس ڈی پی او صدر ٹو ایس کے سمن، سنگھواڑہ تھانہ انچارج بسنت کمار اور سمری تھانہ انچارج اروند کمار کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔صبح تقریباً 10:30 بجے جنوبی ٹولہ سے وسرجن جلوس نکالا گیا، جس کے بعد شمالی ٹولہ سے بھی جلوس نکالا گیا۔ اس دوران پورا کٹہلیا گاؤں پولیس چھاؤنی میں تبدیل رہا۔ گاؤں کے چپے چپے پر مجسٹریٹ کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے باعث علاقے میں سناٹا چھایا رہا۔واضح رہے کہ وسرجن کے راستے کو لے کر ایک طبقے کے لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جس راستے سے وسرجن جلوس نکلتا تھا، اسی راستے سے جلوس نکالا جائے۔ اس سلسلے میں دیہی باشندوں نے ڈی ایم، ایس ایس پی سمیت کئی افسران کو درخواست دی تھی۔انتظامیہ نے واضح کیا تھا کہ وشوکرما پوجا کے لیے پہلی مرتبہ لائسنس جاری کیا گیا ہے، اس لیے گاؤں سے گزرنے والے راستے سے ہی وسرجن جلوس نکالا جائے گا۔ کشیدگی کے ماحول کے درمیان 12 ستمبر کو افسران نے گاؤں میں میٹنگ بھی کی، تاہم لوگوں کا اعتراض برقرار رہا۔ اسی دوران انتظامیہ نے اعتراض کے باوجود وشوکرما پوجا کا لائسنس جاری کیا اور 17 ستمبر کو فلیگ مارچ کیا۔ صدر ایس ڈی پی او ٹو ایس کے سمن کی قیادت میں کیے گئے فلیگ مارچ میں بڑی تعداد میں پولیس فورس موجود رہے کٹہلیا میں جمعہ کو وسرجن جلوس کے اختتام کے بعد ایس ڈی پی او ایس کے سمن نے بتایا کہ تمام برادریوں کے تعاون سے جلوس پُرامن طور پر مکمل کرایا گیا۔ وسرجن کے دوران کسی بھی طرح کی دشواری پیش نہیں آئی

