ایشین گیمز: منو بھاکر اور تجندرپال سنگھ تور افتتاحی تقریب میں بھارت کے پرچم بردار ہوں گے

تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 18 ستمبر: جاپان کے آئیچی-ناگویا میں ہفتہ کو ہونے والی ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شوٹر منو بھاکر اور شاٹ پٹ کھلاڑی تجندرپال سنگھ تور بھارت کے پرچم بردار ہوں گے۔
ایشین گیمز کے 20ویں ایڈیشن میں 500 سے زیادہ بھارتی کھلاڑی 37 کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ مقابلوں کا اختتام 4 اکتوبر کو ہوگا۔
بھارت کے شیف ڈی مشن سہدیو یادو نے ایک بیان میں کہا، “منو بھاکر پرچم برداروں میں سے ایک ہوں گی۔” اس کے بعد ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا نے تجندرپال سنگھ تور کو دوسرا پرچم بردار بنائے جانے کی تصدیق کی۔
24 سالہ منو بھاکر دو مرتبہ اولمپک تمغہ جیتنے والی کھلاڑی ہیں۔ وہ جاپان میں 10 میٹر ایئر پسٹل اور 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں حصہ لیں گی۔