تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 19 ستمبر: ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ امریکی میڈیا کو حاصل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں کویت کے تین امریکی فوجی اڈوں اور سعودی عرب کے ایک ایسے اڈے پر تباہ شدہ عمارتیں، فوجی سازوسامان اور ایک طیارہ دکھائی دیا ہے جہاں امریکی فوجی اثاثے موجود ہیں۔ بعض مقامات سے امریکی اہلکاروں اور اثاثوں کو منتقل بھی کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر مارچ کے اواخر میں ایک E-3 سینٹری نگرانی اور کمانڈ طیارہ ایرانی حملے میں شدید متاثر ہوا۔ اس طیارے کی مالیت تقریباً 27 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔ تصاویر میں طیارے کے پچھلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

